ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لالو پرساد اور ان کے بیٹوں کو زمین کے بدلے نوکری کیس میں عدالت سے ضمانت ملی

لالو پرساد اور ان کے بیٹوں کو زمین کے بدلے نوکری کیس میں عدالت سے ضمانت ملی

Mon, 07 Oct 2024 20:42:43    S.O. News Service

پٹنہ، 7/اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی)سابق مرکزی وزیر ریل اور آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد اور ان کے خاندان کو زمین کے بدلے نوکری کیس میں دہلی کی راؤز ایونیو عدالت سے اہم ریلیف ملی ہے۔ عدالت نے لالو، ان کے بیٹے تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو سمیت 9 ملزمان کو ضمانت فراہم کی ہے۔ عدالت نے اس فیصلہ میں کہا کہ ملزمان کے خلاف چارج شیٹ بغیر گرفتاری کے داخل کی گئی، اس لئے انہیں ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی جاتی ہے۔

سماعت کے دوران ای ڈی نے عدالت سے کہا کہ رابڑی دیوی، ہیما یادو اور میسا یادو کو ضمانت دینے کے گزشتہ حکم کی طرح ہی ڈائرکشن دیے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد عدالت نے سبھی ملزمین کو اپنے پاسپورٹ عدالت میں جمع کرنے کی ہدایت دی۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 25 اکتوبر کو ہوگی۔

ای ڈی نے چارج شیٹ میں تیج پرتاپ یادو کو ملزم نہیں بنایا تھا لیکن عدالت نے تیج پرتاپ کو سمن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیج پرتاپ یادو بھی لالو پرساد کے کنبہ کے رکن ہیں اور منی لانڈرنگ میں ان کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے کہا تھا کہ بڑی تعداد میں زمین کے ٹکڑوں اور املاک کا ٹرانسفر ہوا ہے۔ یادو کنبہ نے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ یادو کنبہ کے نام پر زمین کے ٹکڑے کی منتقلی ہوئی ہے۔

لالو، تیجسوی اور تیج پرتاپ کے ساتھ میسا بھارتی بھی ملزم ہیں۔ لیکن میسا بھارتی کو ای ڈی معاملے میں پہلے ہی سمن جاری کر چکا ہے اور ان کو ضمانت ملی ہوئی ہے۔ آج کے سمن کے حساب سے میسا کو عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔

اس پورے معاملے میں بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے کہا کہ کہ سیاسی انتقام کے لیے یہ مقدمہ کیا گیا ہے۔ حکومت کے ذریعہ مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ ہمیں عدالت پر پورا یقین ہے۔ یہ لوگ (بی جے پی) بار بار سیاسی سازش کرتے رہتے ہیں۔ اس مقدمہ میں کہیں بھی دم نہیں ہے۔ ہماری جیت یقینی ہے۔


Share: